ویب ڈیسک:کراچی سمیت سندھ بھر میں گرمیوں کی دو ماہ کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد سرکاری و نجی اسکول اور کالج دوبارہ کھل گئے جہاں تدریسی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔
محکمہ تعلیم سندھ کے فیصلے کے مطابق یکم اگست سے ہفتہ وار تعطیل بھی ختم ہوگئی ہے ،اب تمام تعلیمی ادارے ہفتے میں چھ دن کھلے رہیں گے، آج سے نئے اوقاتِ کار پر بھی عملدرآمد شروع ہوگیا۔
تعلیمی اداروں میں دوبارہ رونقیں لوٹ آئیں، بچے اسکول وین یا والدین کے ہمراہ اسکول پہنچے جبکہ اساتذہ نے دلچسپ اور سائنسی سرگرمیوں کے ذریعے طلبہ کا خیرمقدم کیا اور انہیں پرجوش رکھنے کی کوشش کی۔
پہلے روز سرکاری و نجی اسکولوں میں طلبہ کی حاضری معمول سے کم رہی جبکہ بعض نجی اسکولوں نے تدریسی عمل کا آغاز 3 اگست سے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اساتذہ نے والدین کو واٹس ایپ اور ای میل کے ذریعے نئے شیڈول اور دیگر اہم معلومات بھی فراہم کیں۔ دوسری جانب اسکول کھلنے کے باعث صبح کے اوقات میں شہر کی سڑکوں پر ٹریفک بھی معمول پر آ گئی۔
واضح رہے کہ محکمہ تعلیم سندھ نے موسم گرما کی تعطیلات یکم جون سے 31 جولائی تک دی تھیں۔