وزیراعلیٰ پنجاب کی تحریک عدم اعتماد کی ناکامی پر چیئرمین سینیٹ کو مبارکباد

وزیراعلیٰ پنجاب کی تحریک عدم اعتماد کی ناکامی پر چیئرمین سینیٹ کو مبارکباد
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( علی اکبر ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تحریک عدم اعتماد کی ناکامی پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو مبارکباد دی ہے، تحریک عدم اعتماد کی ناکامی اپوزیشن ٹولے کے منفی ایجنڈے کی ناکامی ہے، سینیٹ کے ارکان نے صادق سنجرانی پر اعتماد کا اظہار کرکے اپوزیشن اتحاد کو مسترد کردیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے تحریک عدم اعتماد کی ناکامی پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کی ناکامی اپوزیشن ٹولے کے منفی ایجنڈے کی ناکامی ہے، سینیٹ کے ارکان نے صادق سنجرانی پر اعتماد کا اظہار کرکے اپوزیشن اتحاد کو مسترد کردیا۔ چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی آڑ میں ذاتی ایجنڈے کی تکمیل کرنیوالے عناصر ناکام رہے۔ انہوں نے کہا کہ صادق سنجرانی نے چیئرمین سینیٹ کی حیثیت سے ایوان کو احسن طریقے سے چلایا ہے، صادق سنجرانی نے ہمیشہ سیاسی رواداری کا بے مثال مظاہرہ کیا ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے صادق سنجرانی نے سینیٹ کی چیئرمین شپ کے عہدے کا حق ادا کیا ہے، پاکستان تحریک انصاف چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی تھی، ہے اور رہے گی۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد بے وقت کی راگنی ثابت ہوئی اور اپوزیشن کو اس ہزیمت کے بعد انتشار کی سیاست سے توبہ کرلینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں ذاتی ایجنڈے کو لے کر چل رہی ہیں اور حزب اختلاف کا غیر فطری اتحاد چند دنو ں کا مہمان ہے۔ ذاتی مفادات کی خاطر آج اکٹھی ہونے والی اپوزیشن کل بکھر جائے گی۔ پاکستان کے باشعور عوام نے ہمیشہ منفی سیاست کرنے والوں کو مسترد کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت 70 برس کی خرابیوں کو درست کر رہی ہے۔ پاکستان کے عوام کی سچے جذبے اور خلوص سے خدمت کر رہے ہیں اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان اپنی کھوئی ہوئی منزل کی جانب گامزن ہے۔