(وقاص احمد) لاہور میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے باوجود ڈولفن فورس کو نیا ٹاسک مل گیا، اہلکاروں کو روزانہ 200 سے زائد شہریوں کی چیکنگ اور کوائف مرتب کرنے کی ہدایت، اہلکار کورونا سے بچنے کیلئے جعلی کوائف مرتب کر کے جمع کرانے لگے۔
ایس پی ڈولفن نے چند روز قبل تمام ٹیموں کو ڈیوٹی کے دوران کم سے کم 200 افراد کو چیک کرنے اور انکےکوائف مرتب کرنے کا حکم دیا تھا، ڈولفن فورس کے اہلکار روانہ 200 سے زائد افراد کی چیکنگ اور کوائف مرتب کرنے کے ٹاسک سے پریشان ہوگئے۔ کورونا کی وجہ سے بیشتر اہلکاروں نے فرضی افراد کے کوائف کیساتھ ریکارڈ مرتب کرکے جمع کروادیا۔
اہلکاروں کا کہنا ہے لوگوں کو سماجی فاصلے کی تلقین کر رہے ہیں اور خود لوگوں کے قریب جا رہے ہیں، ڈولفن اہلکاروں کا موقف ہے کہ کورونا کی صورتحال میں صرف مشکوک افراد کی ہی چیکنگ ہونی چاہیے، ڈولفن اہلکار روزانہ اتنے لوگوں کو ملنے اور جسمانی تلاشی پر اضطراب کا شکار ہیں۔
واضح رہےکہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں کورونا کی تیسری لہر قہر ڈھانے لگی، گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا مزید 30 قیمتی زندگیاں نگل گیا جبکہ 1708 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی، 18 بچوں سمیت 697 مریض لاہور کے سرکاری و پرائیوٹ ہسپتالوں میں داخل ہیں جن میں سے 172 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
حکومت کی جانب سے کورنا کے پھیلاؤ روکنے کیلئےلاہور سمیت ملک بھر میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا، تعلیمی ادارے، پبلک ٹرانسپورٹ بند ہے، کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر چالان اور مقدمات درج کیے جارہے ہیں، اب تک ماسک نہ پہننے پر 407 مقدمات جبکہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 438 مقدمات درج کیے گئے۔