فریحہ بتول: لاہور کے علاقے وحدت روڈ کے بھیکے والے موڑ پر نصب واٹر فلٹریشن پلانٹ گزشتہ 6 برس سے بند پڑا ہے، جس کے باعث علاقہ مکینوں کو پینے کے صاف پانی کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
مقامی رہائشیوں کے مطابق فلٹریشن پلانٹ کی مشینری چوری ہو چکی ہے جبکہ پانی کے نلکے بھی غائب ہیں، جس سے منصوبہ مکمل طور پر ناکارہ ہو چکا ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پلانٹ کے احاطے میں گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، جس سے ماحولیاتی آلودگی اور صحت کے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔
شہریوں نے شکایت کی کہ متعدد بار متعلقہ اداروں کو آگاہ کرنے کے باوجود کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔
علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واٹر فلٹریشن پلانٹ کو فوری طور پر بحال کرکے فعال بنایا جائے تاکہ انہیں پینے کے صاف پانی کی سہولت دوبارہ میسر آ سکے۔