انوشہ جعفری:کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن رئیس گوٹھ مراد گوٹھ کی پہاڑی سے کمسن بچے محمد یوسف کی برہنہ لاش ملنے کے واقعے نے اہلِ علاقہ کو شدید صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔
پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق لاش کی شناخت محمد یوسف کے نام سے ہوئی ہے۔ معصوم بچہ تین روز قبل لاپتہ ہوا تھا۔ لاش کو چھیپا سرد خانے منتقل کر دیا گیا ہے جہاں مقتول کے والد ریاض شاہد پہنچے۔
والد کا کہنا ہے کہ میرا بچہ منگل کی صبح اسکول جانے کے لیے نکلا تھا، ناشتہ کرنے کے بعد اسکول کی جانب روانہ ہوا لیکن واپس نہ آیا۔ اسکول سے معلوم ہوا کہ وہ وہاں پہنچا ہی نہیں۔
والد کے مطابق بچے کی تلاش کے بعد مدینہ کالونی تھانے میں اغوا کی رپورٹ درج کرائی گئی تاہم تین دن بعد اس کی لاش پہاڑی علاقے سے ملی جو برہنہ حالت میں تھی۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ میرے بچے کو کسی نے اغوا کے بعد قتل کیا ہے، ہمیں انصاف دیا جائے اور قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔
واقعے کی اطلاع پر پولیس نے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔