(ویب ڈیسک)سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا اسمبلی سے مستعفی ہوچکے ہیں،عدم اعتمادکے دوران آصف زرداری سے رابطوں کی تردید کرتے ہوئے آصف زرداری اور ملک ریاض کے درمیان گفتگو سےلاتعلقی کا اظہار بھی کیا۔
تفصیلات کےمطابق پشاور میں ڈیجیٹل میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے تسلیم کیا کہ انہیں پیغام بھیجا گیا کہ اپنے ملک کا سوچیں، پیغام کس کی طرف سے آیا تھا یہ ابھی نہیں بتاسکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسمبلی سے مستعفی ہوچکے ہیں ،تصدیق کے لیے جانےکی ضرورت نہیں، قومی اسمبلی کے فلور پر سپیکر کے سامنے مستعفی ہونےکا اعلان کیا، جس دن اسمبلی میں واپس گئے اس کا مطلب امپورٹڈ حکومت کو تسلیم کرنا ہے، اب کسی رکن کو انفرادی طور پر اسمبلی جانےکی ضرورت نہیں ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ 26 سال سےکہہ رہا ہوں کہ آصف زرداری اور ن لیگ ایک ہی ہے،لانگ مارچ ختم کرنےکے پیچھےکوئی ڈیل نہیں ہے، لانگ مارچ ختم نہ کرتا تو خون خرابہ ہوتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت میں تھے تو اسرائیل کو تسلیم کرنےکے لیے دباؤ تھا،امریکا کے زیر اثر مخصوص لابی مسلم ممالک سے اسرائیل کو تسلیم کروانا چاہتی ہے۔