(سٹی42)مہک وبائی مرض نے زندگی کے تقریباً ہر شعبہ سے وابستہ لوگوں کومتاثر کیا جس کی وجہ سے جینا محال ہوچکا ہے اور کاروباری مراکز کوبھی بند کرنا پڑا، کورونا کی تیسری لہر میں شدت کے بعد کمی آنے پر تعلیم سرگرمیاں دوبارہ بحال ہوچکی ہے اس سلسلے میں حکومت نے اہم فیصلہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق آج سے دہم اور بارہویں جماعت کیلئے تعلیمی ادارے کھل گئے طلبا کو پچاس فیصد حاضری کے تحت ایک دن چھٹی اور ایک دن سکول آنے کی اجازت ہوگی، سات جون تک کسی اور جماعت کے بچوں کو سکول بلوانے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ تعلیمی نظام کی بحالی اوراساتذہ کو اس جان لیوا وائرس سے بچانے کے لئے حکومت نے اہم فیصلہ کیا۔
حکومت نے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئےاساتذہ اور تعلیمی اداروں کے سٹاف کے لیے الگ ویکسینیشن سینٹر بنانے کا فیصلہ کرلیا،اساتذہ اور معاون اسٹاف کے لیے ملک بھر کی تمام تحصیلوں میں خصوصی ویکسینیشن سینٹر قائم کیے جائیں گے، علاوہ ازیں تمام ویکسینیشن سینٹرز پر اساتذہ کے لیے الگ کاؤنٹر بھی مختص کیا جائے گا۔
مزید پڑھئے: لاہور سمیت تمام اضلاع میں دہم اور بارہویں جماعت کیلئے تعلیمی ادارے کھل گئے
ذرائع ابلاغ کے مطابق خصوصی کاؤنٹر اور سینٹرز اساتذہ اور سٹاف کی مکمل ویکسی نیشن تک کام جاری رکھیں گے،وزارت صحت کے مطابق 18 سال سے زائد عمر کے اساتذہ اورسٹاف کو واک ان سہولت دے دی گئی ہے،وزارت صحت کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ( این سی او سی ) نے 5 جون تک اساتذہ کی ویکسی نیشن مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے، این سی او سی نے اساتذہ کے لیے تحصیل سینٹر اور خصوصی کاؤنٹر کی منظوری دے دی ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدار، این سی اوسی اورکوروناٹاسک فورس کی منظوری کے بعدسیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرسارہ اسلم نے پنجاب کے 26اضلاع کے تفریحی پارکس،سوئمنگ پولز اور واٹرسپورٹس کی اجازت دے دی،26اضلاع میں تفریحی پارکس،سوئمنگ پولز اور واٹرسپورٹس کی اجازت کوروناکے مثبت کیسزکی شرح میں واضح کمی کے بعد دی گئی ہے۔