( عمر اسلم ) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ تصویر کا مقصد تشہیر نہیں بلکہ تذلیل تھا جو ہر بار کی طرح الٹا ہوگیا۔
مریم نواز نے کہا کہ جو لوگ زبردستی آئی سی یو میں گھس کر میری بے ہوش ماں کی تصاویر بنانے کی کوشش کر سکتے ہیں، ان کیلئے میاں صاحب کے گھر کی خواتین اور بچیوں کی چھپ کر تصویر بنانا کیا مشکل ہے؟ اتنا ہی نیک کام تھا تو بزدلوں کی طرح چھپ کر کیوں کیا؟ اس تصویر سے میاں صاحب کے چاہنے والے خوش ہوئے ہیں اور ان کو حوصلہ ملا ہے۔
مریم نواز نے ٹویٹ میں کہا کہ ان کو سمجھ آ جانی چاہئے کہ ایسی حرکتوں سے یہ صرف اپنا مزید نقصان اور میاں صاحب کا انجانے میں فائدہ کر جاتے ہیں۔ ان کو اصل تکلیف اس بات کی ہے کہ پوری قوت اور طاقت کے اندھے استعمال کے باوجود نواز شریف کو نقصان نہیں پہنچا سکے۔
ان لوگوں نے میاں صاحب کو مارنے کی پوری کوشش کی لیکن اللہ نے بچا لیا۔ نواز شریف کا خوف نہ ان کو جینے دیتا ہے اور نہ چین سے حکومت کرنے دیتا ہے، یہی انکی سزا ہے۔
مریم نواز نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ باز تو نہیں آ سکتے کیونکہ تم لوگ خصلت سے مجبور ہو مگر اب دس بار سوچو گے ضرور!۔
مریم نواز نے لیگی کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شیرو بس کر دو، بخش دو بیچاروں کو، اب تو میں ری ٹویٹ کرتے کرتے بھی تھک گئی ہوں۔
تصویر کا مقصد تشہیر نہیں تذلیل تھا جو کہ ہر بار کی طرح الٹا ہو گیا۔جو لوگ زبردستی ICU میں گھس کر میری بیہوش ماں کی تصاویر بنانے کی کوشش کر سکتے ہیں،انکے لیے میاں صاحب کی گھر کی خواتین/بچیوں سمیت چھپ کر تصویر بنانا کیا مشکل ہے؟ اتنا ہی نیک کام تھا تو بزدلوں کی طرح چھپ کر کیوں کیا؟ https://t.co/vECHxSKpAS
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) May 30, 2020