طاہر جمیل: لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 10 ہزار سے زائد گلیوں کی تعمیر مکمل کرلی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کی پیش رفت کا جائزہ اجلاس ڈپٹی کمشنر لاہور کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر لاہور کو منصوبوں کی پیش رفت اور معیار پر تفصیلی بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے دو فیزز میں 14ہزار 423گلیوں میں سے 10 ہزار 310کی تعمیر مکمل ہوگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق فیز 1 کی تمام 5 ہزار643 گلیاں مکمل، فیز 2 کی 8ہزار 780 میں سے 4ہزار 749 مکمل کی گئیں ہیں جبکہ فیز 2 کے تحت 2 ہزار354 گلیوں میں تعمیراتی کام تیزی ہورہا ہے۔فیز 2 کے 54 فیصد سے زائد منصوبے مکمل کیے گئے ہیں باقی پر کام جاری ہے جبکہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام فیز 1 مکمل ہوگیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس، چیف آفیسر ایم سی ایل، تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ محکموں نے بھی شرکت کی۔
مزید برآِں، ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز نے کہا کہ ترقیاتی کام دیرپا ہونے چاہئیں تاکہ شہری طویل عرصے تک مستفید ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام وزیراعلیٰ پنجاب کا فلیگ شپ منصوبہ ہے، تاہم نیسپاک فیلڈ میں کام کے معیار کو یقینی بنائےجبکہ متعلقہ محکمے باہمی رابطہ کاری کو بہتر بنائیں ۔