طاہر جمیل: پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی نے ایمپاور پراجیکٹ کے تحت شہر کے مختلف بس سٹاپس پر ٹک شاپس کے قیام میں پیشرفت کی رپورٹ جاری کر دی۔
ٹک شاپس مستحق خواتین کے ذریعے چلائی جائیں گی اور یہ سہولت اخوت فاؤنڈیشن کے ذریعے خواتین کے حوالے کی جائے گی.
منصوبے کا پہلا مرحلہ گزشتہ سال دسمبر میں مکمل ہوا تھا، جس میں 10 ٹک شاپس بنائی گئیں۔
رواں سال فروری میں 11 مزید ٹک شاپس مکمل ہوئیں جبکہ تیسرے مرحلے میں مارچ میں مزید 11 ٹک شاپس فعال کی گئیں۔ اس طرح اب شہر کے مختلف بس سٹاپس پر مجموعی طور پر 32 ٹک شاپس قائم اور فعال ہیں۔
مذکورہ بس سٹاپس پر وائی فائی کی سہولت اور سکیورٹی کیمرے نصب کیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کے لیے سہولت اور حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
پراجیکٹ کا مقصد خواتین کی معاونت، معاشی خودمختاری کو فروغ دینا اور شہری سہولیات میں اضافہ کرنا ہے۔
اس اقدام کے ذریعے نہ صرف خواتین کو کاروباری مواقع فراہم کیے جائیں گے بلکہ شہر کے بس سٹاپس پر شہری سہولیات میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔