(ویب ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے سے پتنگ بازی کے خاتمے کے لیے شہریوں سے تعاون مانگ لیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پتنگ بازی کا خونی کھیل ختم کرنے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد کریں۔
واضح رہے لاہور کے مختلف علاقوں میں پتنگ کی ڈور پھرنے سےگزشتہ روز بھی 2 افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق لاہور کے علاقے نشتر کالونی میں واپڈا کا ملازم رضوان اپنی موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ پتنگ کی ڈور اس کی گردن پر پھرگئی جس سے وہ زخمی ہوگیا۔
دوسری جانب ماڈل ٹاؤن کے علاقے میں نوجوان عدنان موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ پتنگ کی ڈور اس کے گلے پر پھرگئی۔
دونوں افراد کو ریسکیو اہلکاروں نے طبی امداد کے بعد سپتال منتقل کردیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں فیصل آباد کے علاقے سمن آباد کا رہائشی 22 سالہ آصف مشتاق ڈجکوٹ روڈ پر افطاری کا سامان لے کر جارہا تھا کہ پتنگ کی ڈور گردن پر پھرنے سے جاں بحق ہوگیا۔
مقتول آصف سات بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا اور اس نے بی بی اے کی ڈگری حاصل کررکھی تھی۔
نوجوان کے بھائی یاسر کا بتانا ہے کہ آصف کی عید کے بعد شادی تھی جس کی تیاریاں جاری تھیں۔
افسوسناک واقعے کے بعد پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا گیا ہے۔