(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور قومی اسمبلی میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے چیئرمین رانا تنویر حسین نے وزیراعظم عمران خان کو پیشکش کی ہے کہ حکومت کی تبدیلی کے بعد عمران خان چیئرمین پی اے سی بننا چاہیں تو تیار ہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں رانا تنویر نے کہا کہ عمران خان کو چیئرمین پی اے سی بننے کا مشورہ نہیں دے رہا بلکہ یہ ان کا حق ہے، ہمیشہ سے یہی پریکٹس رہی ہے ، پر ان کی عادت نہیں کام کرنے کی، عمران خان کام کرتے تو آج اس حد تک نہ پہنچتے۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ عمران خان کی ٹریننگ اللہ ہی کرے ، تین سال تو ان کی ٹریننگ ہوئی نہیں، ہماری کوشش ہے انتخابات جلد از جلد ہوں، فیصلہ متحدہ اپوزیشن کرے گی، بڑے میاں کی اجازت سے پرویز الہٰی کو وزرات اعلیٰ کی آفر کی تھی۔
انہوں نے کہاکہ چیئرمین نیب کیلئے اللہ خیر کرے ، وہ یکطرفہ چلتے آئے ہیں، چیئرمین نیب نے حکومت کے اسکینڈلز کی طرف مڑ کر دیکھا بھی نہیں، انتخابی اصلاحات اور نیب میں بہتری لانا ہماری ترجیحات ہوں گی۔