ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پی ٹی اے کا والدین کے لیے الرٹ جاری

پی ٹی اے کا والدین کے لیے الرٹ جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے ) نے والدین کے لیے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا اپنے بچوں کی سوشل میڈیا سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے ) نے والدین کے لیے اہم ایڈوائزری جاری کی، جس میں زور دیا گیا ہے کہ اپنے بچوں کی سوشل میڈیا سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں تاکہ انہیں آن لائن خطرات اور نقصان دہ ڈیجیٹل مواد سے محفوظ رکھا جا سکے۔

پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ ہدایات میں والدین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے بچوں سے انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے استعمال کے حوالے سے کھل کر بات چیت کریں۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کا کہنا تھا کہ والدین بچوں کو آن لائن تحفظ کے بنیادی اصول سمجھائیں اور انہیں خاص طور پر انٹرنیٹ پر نامعلوم یا اجنبی افراد سے رابطے قائم کرنے اور اپنی ذاتی معلومات شیئر کرنے کے ممکنہ خطرات و نقصانات سے آگاہ کریں۔

اتھارٹی نے والدین کو تکنیکی حفاظتی اقدامات کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مختلف ایپلی کیشنز اور ڈیوائسز پر ‘پیرنٹل کنٹرول اور پرائیویسی سیٹنگز کو فعال کریں۔ اس اقدام سے بچوں کی نامناسب، غیر اخلاقی یا متنازع مواد تک رسائی کو محدود کیا جا سکے گا اور ان کی ڈیجیٹل سیکیورٹی کو مزید بہتر بنایا جا سکے گا۔

پی ٹی اے نے والدین کو ہدایت کی ہے کہ بچوں میں سائبر بُلنگ (آن لائن دھمکیوں)، آن لائن ہراسانی اور کسی بھی قسم کی مشکوک سرگرمیوں کی علامات پر نظر رکھیں، اگر انٹرنیٹ پر کوئی بھی نقصان دہ یا غیر قانونی مواد سامنے آئے، تو اس کی فوری رپورٹ پی ٹی اے یا متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کی جائے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس آگاہی مہم کا بنیادی مقصد ملک میں محفوظ انٹرنیٹ کے ماحول کو فروغ دینا، ذمہ دارانہ ڈیجیٹل رویوں کی ترویج کرنا اور بالخصوص کم عمر سوشل میڈیا صارفین کو آن لائن دنیا کے پوشیدہ خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے ایک وسیع اور موثر حکمت عملی کا نفاذ ہے۔

Ansa Awais

Content Writer