ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

خواجہ سلمان رفیق کا پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس کا دورہ، سیلاب سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ

خواجہ سلمان رفیق کا پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس کا دورہ، سیلاب سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

عرفان ملک : صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق کا پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس میں صوبائی ایمرجنسی سنٹر کا دورہ، سیلاب سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔

صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس میں قائم صوبائی ایمرجنسی سنٹر کا دورہ کیا، جہاں ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے مون سون سیزن، دریاؤں میں پانی کے بہاؤ، ممکنہ سیلابی صورتحال اور ادارے کی مجموعی تیاریوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پنجاب کو سیلاب سے محفوظ بنانے کے لیے تمام ممکنہ اور مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مریدکے، پٹھان کالونی، فیروزوالہ اور ملحقہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ متاثرہ شہریوں کو بروقت ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں راشن اور جانوروں کے چارے کی بلا تعطل فراہمی جاری ہے، جبکہ محکمہ صحت، ریسکیو 1122، لائیو سٹاک اور دیگر متعلقہ محکمے فیلڈ میں مکمل طور پر متحرک ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مویشیوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ جانی و مالی نقصانات کو کم سے کم رکھا جا سکے۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ صوبائی انتظامیہ ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریسکیو سروسز کو اربوں روپے مالیت کے جدید آلات اور مشینری سے آراستہ کیا جا چکا ہے، جبکہ پری ڈیزاسٹر اور پوسٹ ڈیزاسٹر میکانزم کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدامات سیلاب اور دیگر آبی خطرات سے شہریوں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال پی ڈی ایم اے کی تیاریوں میں نمایاں بہتری آئی ہے، جس کے باعث ممکنہ ہنگامی صورتحال سے زیادہ مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے گا۔

اس موقع پر ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے کہا کہ تمام افسران فیلڈ میں الرٹ ہیں اور مون سون سیزن کے دوران دریاؤں میں پانی کے بہاؤ اور سیلابی صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کی صورت میں فوری اور مؤثر کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔

Ansa Awais

Content Writer