ویب ڈیسک : ویسٹ انڈیز کیخلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستا نی وکٹ کیپر ،بلےبازمحمد رضوان نےایک سال میں سب سے زیادہ ٹی20 انٹرنیشنل رنز بنانےکاریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے وکٹ کیپر،بلے باز محمد رضوان نے ایک سال میں سب سے زیادہ ٹی20انٹرنیشنل رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ بنادیا ۔ گیا نا میں کھیلے جانیوالے دوسرے ٹی 20 میچ کے دوران محمد رضوان نے 46 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس اننگز کا 43 واں رن لے کر محمد رضوان نے ایک سال میں سب سے زیادہ ٹی20 انٹرنیشنل رنز بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ آئرلینڈ کے پال اسٹرلنگ کے پاس تھا ۔ پال اسٹرلنگ نے 2019 میں بیس اننگز میں بیٹنگ کرکے 748 رنز بنائے تھے۔ قو می ٹیم کے وکٹ کیپر،بلے باز محمد رضوان نے سال 2021 میں 14 اننگز میں 752 رنز بنالیے ہیں جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔
پاکستانی وکٹ کیپر بیٹسمین اس سال مجموعی طور پر سب سے زیادہ ٹی20 رنز کا ریکارڈ بھی اپنے پاس رکھتے ہیں ساتھ ساتھ انہوں نے اس سال اب تک انٹرنیشنل کرکٹ کے تینوں فارمیٹ میں مجموعی طور پر 1189 رنز بنائے ہیں جو رواں برس کسی بھی کرکٹر کے سب سے زیادہ رنز ہیں۔