سٹی42: پاکستان انڈر 19 ٹیم کی سپر سکس مرحلے میں بھارت کیساتھ اہم میچ کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔میچ سے قبل پاکستان انڈر 19 ٹیم نے کوئنز سپورٹس کلب میں بھرپور پریکٹس کی۔
پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان میچ اتوار کو کوئنز سپورٹس کلب، بلاوایو میں کھیلا جائے گا۔میچ مقامی وقت کے مطابق صبح 9:30 بجے شروع ہوگا۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے کہا کہ ہماری تیاری بہت اچھی رہی ہے، آج نیٹس میں اچھی پریکٹس کی اور پچھلے میچز سے اپنی غلطیوں سے سیکھا ہے۔ٹیم کا مورال بہت بلند ہے اور ہم بھرپور کارکردگی دکھانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
سمیر منہاس نے کہا کل ہم نے ایک مشکل وکٹ پر سناریو بیسڈ میچ کھیلا جس سے ہمیں مشکل حالات میں کھیلنے کا تجربہ ملا، آج ہم نے اسی گراؤنڈ پر پریکٹس کی جہاں کل میچ ہوگا۔ ٹیم میں ماحول بہت مثبت ہے اور ہم اچھی فارم کو آگے لے جانا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے ایشیا کپ انڈر 19 کے فائنل میں بھارت کو 191 رنز سے شکست دی تھی جبکہ انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت اب تک 10 مرتبہ آمنے سامنے آ چکے ہیں، دونوں نے 5،5 میچ جیتے۔حالیہ5 مقابلوں میں پاکستان انڈر 19 نے بھارت انڈر 19 کے خلاف چار فتوحات حاصل کی ہیں۔