پی ایس ایل میں شائقین کی شرکت،پی سی بی نے لائحہ عمل تیار کرلیا

پی ایس ایل میں شائقین کی شرکت،پی سی بی نے لائحہ عمل تیار کرلیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

فیروزپور روڈ (رانا آذر)پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن میں شائقین کی شرکت یقینی بنانے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے لائحہ عمل تیار کر لیا ہے۔پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کا آغاز 20 فروری سے کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں ہو گا جس میں کورونا وائرس کی وجہ سے ابتدائی طور پر بند اسٹیڈیم میں میچز کرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران بہتر ہوتے ہوئے حالات کے پیش نظر پاکستان کرکٹ بورڈکے حکام نے میچز کے دوران محدود تعداد میں شائقین کو سٹیڈیم میں آ کر میچز دیکھنے کی اجازت دینے کا لائحہ عمل تیار کیا ہے اس سلسلے میں پی سی بی کے اعلیٰ حکام آئندہ ہفتے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر( این سی او سی) کے حکام سے ملاقات کریں گے اور پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان ملاقات میں شائقین کرکٹ کی اسٹیڈیم آمد کے حوالے سے پلان بھی شیئر کریں گے۔

پی سی بی نے پی ایس ایل 6 میں 40 فیصد شائقین کو اسٹیڈیم لانے کا پلان تیار کرلیا ہے اور اسٹیڈیم کے اندر سماجی فاصلے اور کورونا ایس او پیز کا خیال رکھا جائے گا۔ شائقین کی اسٹیڈیم آمد کا حتمی فیصلہ این سی او سی اور حکومت کی اجازت کے بعد کیا جائے گا۔واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر کے کھیلوں کے مقابلے بری طرح متاثر ہوئے ہیں اور گزشتہ سال کئی کھیلوں کے مقالے اسی وجہ سے منسوخ کردیے گئے تھے۔

کورونا وائرس کی وجہ سے اولمپکس، یورو کپ، کنفیڈریشن کپ، ومبلڈن اور ٹی20 ورلڈ کپ سمیت کئی مقابلوں کو اگلے سال تک ملتوی یا منسوخ کردیا گیا تھا۔کورونا وائرس کے سبب ملتوی کی گئی پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے بقیہ میچز کا انعقاد بھی خالی میدانوں میں کیا گیا تھا۔بعدازاں کھیلوں کے مقابلے بحال ہونے کے بعد شائقین کے بغیر ہی مقابلوں کا انعقاد کیا جا سکے تاکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے اور کھلاڑیوں اور شائقین دونوں کی صحت کی یکساں حفاظت کی جا سکے۔

بعدازاں کرکٹ سمیت مختلف بین الاقوامی مقابلوں میں محدود تعداد میں شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دی گئی تاکہ کھیل کے میدانوں میں شائقین کی موجودگی یقینی بناتے ہوئے کھیل کی رونق کو بڑھایا جا سکے۔مختلف تجربات کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے پی ایس ایل میں بھی شائقین کی محدود تعداد کو اسٹیڈیم میں لانے کا منصوبہ بنایا ہے تاہم اب اس کا انحصار میں ملک وائرس کی صورتحال اور حکومتی اجازت سے مشروط ہے۔

Shazia Bashir

Content Writer