( سٹی42) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان کے عوام کی جرات، حب الوطنی اور استقامت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئےکہا ہے کہ بلوچستان پاکستان کی خوشحالی، ترقی اور مستقبل میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے،بھارت کی سرپرستی میں چلنے والے پراکسی عناصر بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں،پاکستان کی علاقائی امن و استحکام کے لیے کمٹمنٹ غیر متزلزل ہے۔
آئی ایس پی آر کےمطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ساتھ جی ایچ کیو میں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء کا انٹرایکٹو سیشن ہوا، جس سے خطاب میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نےکہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے عوامی فلاحی اور ترقیاتی اقدامات قابلِ ستائش ہیں، عوامی فلاح پر مبنی پالیسیوں سے بلوچستان کی معاشی صلاحیت کو بروئے کار لایا جا رہا ہے، سول سوسائٹی کا کردار پروپیگنڈے کے توڑ اور پائیدار ترقی میں انتہائی اہم ہے، ذاتی اور سیاسی مفادات پر مبنی ایجنڈوں کو مسترد کرنا بلوچستان کے روشن مستقبل کے لیے ضروری ہے،

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مزید کہا کہ بھارت کی سرپرستی میں چلنے والے پراکسی عناصر بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، سیکیورٹی فورسز دشمن کے تمام ناپاک عزائم کو سخت کارروائیوں سے ناکام بنائیں گی، پاکستان کی علاقائی امن و استحکام کے لیے کمٹمنٹ غیر متزلزل ہے، پاکستان کی خودمختاری یا سرحدی سالمیت کی کسی بھی خلاف ورزی کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا،پاکستان کی مسلح افواج عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہیں۔
نشست کا اختتام سوال و جواب کے تفصیلی سیشن پر ہوا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکاء کے سوالات کے جوابات دیے۔