(ویب ڈیسک)بھارتی شہر ممبئی کے جارحانہ کرکٹر سرفراز خان نے وجئے ہزارے ٹرافی میں ایک بار پھر بیٹنگ میں بڑا کارنامہ دکھا دیا،مایہ ناز کرکٹر نے محض 75 گیندوں میں 14 چھکوں کی مدد سے 157 رن کی طوفانی سنچری بنا کر 2025 کا اختتام دھماکہ دار انداز میں کیا ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف ہونے والی ایک روزہ سیریز سے پہلے بھارتی ٹیم کے سلیکٹرز کے لیے ایک پیغام چھوڑ دیا ۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ممبئی کے بہترین کرکٹر سرفراز خان نے 2025 کا اختتام آج دھماکہ دار انداز میں کرتے ہوئے اپنے چاہنے والوں کو بہترین تحفہ دیا ہے۔ وجئے ہزارے ٹرافی میں 2025 کے آخری دن انھوں نے طوفانی سنچری بنائی اور اس دوران 14 چھکے و 9 چوکے لگائے۔ سرفراز نے سنچری جئے پور میں گوا کے خلاف ہو رہے میچ کے دوران بنائی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سرفراز نے ارجن تندولکر کی گیندوں پر بھی خوب دھنائی کی۔ سرفراز خان کی شاندار اننگ کی بدولت ہی ممبئی کی ٹیم 50 اوورس میں 8 وکٹ کے نقصان پر 444 رن بنانے میں کامیاب ہو پائی۔
رپورٹ کے مطابق سرفراز خان نے گوا کے خلاف محض 75 گیندوں میں 157 رنوں کی اننگ کھیلی۔ 2019 سے بھی زیادہ کی اسٹرائیک ریٹ سے کھیلی گئی اس اننگ میں انھوں نے 16 گیندوں کو باؤنڈری کے پار پھینکا۔ نصف سنچری تو انھوں نے محض 15 گیندوں میں بنا لی تھی، اس کے بعد 57 گیندوں میں سنچری مکمل کی، اور پھر اس کے بعد 18 گیندوں میں ہی 57 رن بنا ڈالے۔ لسٹ ’اے‘ کرکٹ میں یہ سرفراز خان کی تیسری سنچری ہے۔گوا کے خلاف طوفانی سنچری بنا کر سرفراز خان نے نہ صرف 2025 کا اختتام شاندار انداز میں کیا، بلکہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے سلیکٹرز کو بھی ایک پیغام بھیج دیا ہے۔ واضح رہے کہ بھارتی سلیکٹرز جلد ہی نیوزی لینڈ کے خلاف جنوری میں ہونے والیا یک روزہ سیریز کے لیے بھارتی ٹیم کا اعلان کرنے والے ہیں۔ سرفراز کی سنچری کے بعد یقیناً سلیکٹرز ان کے نام پر غور کرینگے۔
Stay tuned with 24 News HD Android App