ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ان ڈرائیو ایپ کے ذریعے ڈیزل لوٹنے والا گروہ گرفتار

ان ڈرائیو ایپ کے ذریعے ڈیزل لوٹنے والا گروہ گرفتار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: لاہور میں ان ڈرائیو ایپ کے ذریعے ڈیزل کی لوٹ مار میں ملوث ایک منظم گروہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ کارروائی ایس ایچ او قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ رضوان چیمہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ملزمان کو ٹریس کرکے کی۔

پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان ان ڈرائیو ایپ کے ذریعے لوڈر رکشے بک کرواتے تھے اور پٹرول پمپ پر جا کر رکشوں میں موجود ڈرموں میں ڈیزل بھرواتے تھے۔ ڈیزل بھرنے کے بعد ملزمان باتھ روم جانے یا کسی اور بہانے سے موقع سے فرار ہو جاتے تھے جبکہ رکشہ ڈرائیور ڈیزل لے کر روانہ ہو جاتا تھا۔

گرفتار ملزمان کی شناخت عقیل، طیب، ذاکر حسین، بلال اور نعمان کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے نقدی، موبائل فون، پستول اور میگزین بھی برآمد کر لیے ہیں جبکہ ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

ایس پی صدر کے مطابق ملزمان اب تک کم از کم دو پٹرول پمپ مالکان کو چکمہ دے کر لاکھوں روپے مالیت کا ڈیزل لوٹ چکے ہیں۔ مزید ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ایس پی صدر نے بتایا کہ برآمد شدہ رقم متاثرہ پٹرول پمپ مالکان کے حوالے کر دی گئی ہے، جبکہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔