ویب ڈیسک؛ بگ بیش لیگ میں میلبرن اسٹارز کی نمائندگی کرنے والے پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف ایک خوفناک اور ممکنہ طور پر جان لیوا حادثے سے بال بال بچ گئے، جس کی ویڈیو دیکھ کر شائقین کرکٹ کے دل دہل گئے۔
یہ واقعہ بگ بیش لیگ کے 14ویں میچ کے دوران پیش آیا، جہاں میلبرن اسٹارز اور سڈنی تھنڈرز کی ٹیمیں مدِ مقابل تھیں۔ میچ میں حارث رؤف نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 29 رنز دے کر 3 اہم وکٹیں حاصل کیں اور مین آف دی میچ کا اعزاز اپنے نام کیا۔
تاہم میچ کے آخری لمحات میں ایک خطرناک لمحہ سامنے آیا۔ سڈنی تھنڈرز کی اننگز کے آخری اوور کی چوتھی گیند پر ریس ٹوپلی نے زور دار شاٹ کھیلا، گیند فضا میں بلند ہوئی جسے پکڑنے کے لیے شارٹ تھرڈ مین پر موجود حارث رؤف اور ڈیپ پوائنٹ پر کھڑے ہلٹن کارٹرائٹ تیزی سے ایک ہی سمت میں لپکے۔
LOOK OUT ????
— KFC Big Bash League (@BBL) December 28, 2025
This could have been awful. #BBL15 pic.twitter.com/wJTnyNLSCm
دونوں کھلاڑیوں نے فل لینتھ ڈائیو لگائی اور چند لمحوں کے لیے ایسا محسوس ہوا کہ دونوں سر کے بل آپس میں ٹکرا جائیں گے، تاہم خوش قسمتی سے دونوں ایک بڑے حادثے سے بچ گئے۔ یہ منظر اس قدر خوفناک تھا کہ میدان میں موجود کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ کمنٹیٹرز بھی لمحہ بھر کے لیے سہم گئے۔
کمنٹری کے دوران کہا گیا کہ اگر تصادم ہو جاتا تو یہ واقعہ سنگین نتائج کا باعث بن سکتا تھا۔ خوش قسمتی سے دونوں کھلاڑی محفوظ رہے اور فوری طور پر ایک دوسرے کی خیریت دریافت کرنے کے بعد کھیل دوبارہ شروع کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد شائقین کرکٹ نے سوشل میڈیا پر حارث رؤف کی سلامتی پر شکر ادا کیا، جبکہ اس لمحے نے فیلڈنگ کے دوران باہمی رابطے اور احتیاط کی اہمیت کو ایک بار پھر اجاگر کر دیا۔