اویس کیانی:پاکستانی وزیرِاعظم شہباز شریف نے چین کے دورے کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، وہ شانگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے 25ویں سربراہانِ مملکت اجلاس میں شرکت کے لیے تیانجن پہنچ چکے ہیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ کابینہ کے ارکان بھی موجود ہیں۔
تیانجن ایئرپورٹ پر وزیرِاعظم کا استقبال چین کی جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز کی سی پی سی کمیٹی کے وزیر اور سیکرٹری سن مییجن، تیانجن میونسپل پیپلز کانگریس کے چیئرمین یو یون لین، چین میں تعینات پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی اور چین کے سفیر جیانگ زیدونگ نے کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف آج تیانجن میں ایک مصروف دن گزاریں گے۔ ان کے شیڈول میں ایس سی او سربراہ اجلاس کی استقبالیہ تقریب میں شرکت، ترک صدر رجب طیب اردوان سے دو طرفہ ملاقات اور تیانجن یونیورسٹی کا دورہ شامل ہے جہاں وہ طلبہ سے خطاب بھی کریں گے۔
دفترِ خارجہ کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف چینی صدر شی جن پنگ کی دعوت پر ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ (CHS) اور ایس سی او CHS پلس اجلاس میں 31 اگست سے یکم ستمبر تک شرکت کریں گے۔ اجلاس میں پاکستان، چین، بھارت، روس، ایران، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان، ازبکستان، بیلاروس سمیت رکن ممالک کے سربراہان شریک ہوں گے۔
اس کے علاوہ "ایس سی او پلس" اجلاس میں منگولیا، ترکی، مصر، نیپال، ملائیشیا، میانمار، ویتنام، انڈونیشیا، ترکمانستان اور دیگر ممالک کے سربراہان کے ساتھ ساتھ اقوامِ متحدہ اور علاقائی تنظیموں کے سربراہان کی شرکت بھی متوقع ہے۔
وزیراعظم اس اجلاس میں پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے، علاقائی تعاون، سلامتی، پائیدار ترقی اور کثیرالجہتی کے فروغ پر زور دیں گے۔ اجلاس کے دوران وہ مختلف سربراہان سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے تاکہ سفارتی تعلقات کو مزید فروغ دیا جا سکے۔