سٹی42: مہنگائی کے ستائے عوام کو پٹرول، ڈیزل اور کیروسین آئل کی قیمتوں میں کمی کر کے ریلیف دینے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان آج کیا جائے گا۔ آئندہ پندرہ دن کے لئے پٹرولیم پروڈکٹس کی قیمتوں کے ضمن میں عوام کو ریلیف ملنے کا قوی امکان ہے۔
انڈسٹری ذرائع نے بتایا کہ ایک لیٹر پیٹرول کی نئی قیمت 264 روپے فی لٹر ہو سکتی ہے۔ہائی اسپیڈ ڈیزل 3 روپے 13 پیسے فی لیٹر، مٹی کا تیل 1 روپے 57 پیسے فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل 2 روپے 61 پیسے فی لیٹر سستا ہونے کی تجویز دی گئی ہے۔
اوگراآج قیمتوں کی ورکنگ مکمل کر کے پٹرولیم ڈویژن کو بھجوائے گا جس کے بعد وزیراعظم حتمی منظوری دیں گے۔
وزیراعظم کی منظوری کے بعد ایک لیٹر پیٹرول 264.61 روپے سے کم ہوکر 264 روپے کاہوجائے گا،ہائی سپیڈ ڈیزل 2 روپے 87 پیسے تک سستا کرنے کی تجویزدی گئی ہے،منظوری کے بعد ایک لیٹر ڈیزل 272.99 روپے سے کم ہوکر 269.86 روپے کا ہوجائے گا۔
مٹی کا تیل فی لیٹر 1 روپے 57 پیسے سستا کرنے کی تجویز دی گئی ہے اورمنظوری کے بعد ایک لیٹر مٹی کا تیل 178.27 روپے سے کم ہوکر 176.70 روپے کا ہوجائے گاجبکہ لائٹ ڈیزل فی لیٹر 2 روپے 61 پیسے تک سستا کرنے کی تجویزدی گئی ہے،منظوری کے بعد ایک لیٹر لائٹ ڈیزل 162.16 روپے سے کم ہوکر 159.55 روپے کا ہوجائے گا۔
ذرائع کے مطابق ایک لیٹر پیٹرول پر حکومت لیوی اور کلائمیٹ سپورٹ لیوی کی مد میں 80.52 روپےجبکہ ایک لیٹر ڈیزل پر لیوری اور سپورٹ لیوی کی مد میں 79.51 روپے وصول کررہی ہے۔ تقریباً تمام ٹیکس برقرار رکھے جانے کا امکان ہے۔