ویب ڈیسک: سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونے سے پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آئے روز ریکارڈ ٹوٹنے کا سلسلہ برقرار ہے۔
کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی کاروبار کے آغاز پر سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی جس سے ہنڈرڈ انڈیکس پہلی بار ایک لاکھ 65 ہزار پوائنٹس کی حد بھی عبور کر گیا۔
سٹاک مارکیٹ میں انڈیکس 1200 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 65 ہزار 115 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے جبکہ گزشتہ کاروباری دن کے اختتام پر سٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 63 ہزار 847 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب مارکیٹ میں تیزی کی وجہ سرمایہ کاروں کا بڑھتا ہوا اعتماد، معاشی اشاریوں میں بہتری اور آئندہ مالی پالیسی سے متعلق مثبت توقعات کو قرار دیا جا رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ رفتار جاری رہی تو مارکیٹ مزید بلندی کی جانب جا سکتی ہے۔