(شاہد ندیم سپرا) لیسکو کے افسران و ملازمین کے لئے بڑی خوشخبری آگئی، کمپنی کے ملازمین کے لئے لیسکو ہاؤسنگ سکیم کے منصوبے میں اہم پیش رفت سامنے آ گئی۔
تفصیلات کے مطابق لیسکو کے افسران و ملازمین کے لئے ہاؤسنگ سکیم کے منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، جس پر کمیٹی نے سفارشات مرتب کر لیں ہیں۔ لیسکو سوموار کے روز منصوبے کی سفارشات بورڈ آف ڈائریکٹرز میں پیش کرے گی۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری کے بعد ہاوسنگ سکیم پر باقاعدہ کام شروع ہوگا۔
لیسکو میں مجموعی طور پر 33 ہزار ملازمین فرائض انجام دے رہے ہیں تاہم صرف ایک فیصد ملازمین کو سرکاری رہائشگاہیں فراہم کی گئی ہیں۔ کمپنی نو پرافٹ، نو لاس کی بنیاد پر ہاؤسنگ سکیم مکمل کرے گی۔ ہاوسنگ سکیم میں سرکاری اخراجات کو شامل نہیں کیا جائیگا
بورڈ کی منظوری کے بعد پلاٹوں کی کیٹیگریز بنائی جائیں گی. لیسکو کے علاقہ تمام کمپنیوں میں ہاوسنگ سکیمز بنائی جا چکی ہیں۔ لیسکو کے ملازمین آسان قیمتوں پر پلاٹس حاصل کر سکیں گے۔