سٹی42: امریکہ میں حکومت کو اخراجات کے لئے رقم ملنا بند ہے جس کو جواز بنا کر ٹرمپ حکومت وفاقی فوڈ ایڈ (فوڈ اسٹامپ) کو معطل کررہی ہے۔ چار کروڑ امریکیوں کو کھانا کھانے کے لئے مل رہی امداد اچانک بند ہو جانے سے کل جمعہ کے روز امریکہ میں سنگین صورتحال پیدا ہو جائے گی۔
ریاستہائے متحدہ میں لاکھوں خاندان کل 1 نومبر سے خوراک کی امداد کے بغیر رہ نے پر مجبور ہوں گے۔ محکمہ زراعت (USDA) نے اعلان کیا کہ پروگرام SNAP (فوڈ اسٹامپ) کے فنڈز وفاقی حکومت کے شٹ ڈاؤن کی وجہ سے بند ہو گئے ہیں۔
خدشہ ہے کہ کل جمعہ کے روز سے یہ خوراک کی امداد بند ہو جانے سے امریکہ میں سنگین نوعیت کا کہرام برپا ہو جائے گا۔
ایک انٹرنل سرکلر میں، USDA کا بیان دو ٹوک تھا: "کنواں خشک ہو گیا ہے۔ اس وقت، یکم نومبر کو کوئی فوائد جاری نہیں کئے جائیں گے۔"
حکومت نے فیصلہ کیا کہ دستیاب ہنگامی فنڈز میں موجود 5.000 بلین ڈالر استعمال نہ کریں، جس سے SNAP ادائیگیوں کو کم از کم ایک اور ماہ تک برقرار رکھا جا سکتا تھا۔ ایجنسی کے مطابق، یہ فنڈز قانونی طور پر مخصوص ہنگامی حالات، جیسے سمندری طوفان یا قدرتی آفات کے لیے مختص کیے گئے ہیں، اور ملک بھر میں باقاعدہ فوائد کا احاطہ نہیں کر سکتے۔
ایک بندش جو پہلے ہی غیر معمولی ہے
حکومتی شٹ ڈاؤن یکم اکتوبر 2025 کو شروع ہوا اور پہلے ہی امریکی تاریخ کا دوسرا طویل ترین شٹ ڈاؤن بن چکا ہے۔
اس شٹ ڈاؤن کا آسان زبان میں مطلب یہ ہے کہ قرضوں پر چل رہی امریکی حکومت کو اپنے روز مرہ اخراجات کرنے کے لئے بینکوں سے قرضہ نہیں مل رہا، اخراجات کے لئے رقم دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے امریکہ کی وفاقی حکومت (ٹرمپ انتظامیہ) کے تمام کام ٹھپ پڑے ہیں۔
وائٹ ہاؤس ڈیموکریٹس پر حکومت کے اخراجات کے لئے فنڈز بند رہنے کے دوران مذاکرات سے انکار کرنے کا الزام لگاتا ہے۔ ڈیموکریٹ اس کے لئے پیچیدہ وجوہات بیان کرتے ہیں کیونکہ معاملہ واقعی پیچیدہ ہے۔ پہلے جب جو بائیڈن کی حکومت کے دوران بینکوں سے قرض ملنا بند ہوا تھا تو ٹرمپ کی قیادت مین ری پبلکن پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ نے قرضے کی حد بڑھانے کے لئے قانون سازی میں تعاون کرنے کے سوال پر بائیڈن حکومت کو خون کے آنسو رلائے تھے۔
فوڈ سٹیمپ بند ہونے سے لاکھوں خاندان متاثر
SNAP پروگرام، جو 40 ملین سے زیادہ امریکیوں کی مدد کرتا ہے،کل جمعہ کو فوڈ سٹیمپ فوائد جاری کرنا بند کر دے گا اگر کانگریس کسی معاہدے پر نہیں پہنچتی ہے تو یہ امداد بند رہے گی۔
ریپبلکن اور ڈیموکریٹک دونوں پارٹیوں کی حکومتوں والی ریاستوں نے خبردار کیا ہے کہ وہ مقامی فنڈز کے ذریعہ عارضی طور پر امداد کو برقرار رکھنے کی کوشش کر سکتے ہیں، حالانکہ USDA نے خبردار کیا ہے کہ کوئی وفاقی پروگرام جاری رکھنے کے لئے اگر ریاستوں نے اپنے طور پر کچھ خرچ کیا تو وفاقی حکومت کی طرف سے اس رقم کی واپسی نہیں ہوگی۔
آرکنساس اور اوکلاہوما جیسی ریاستیں پہلے ہی فوڈ سٹیمپس سے مستفید ہونے والوں کو متنبہ کر رہی ہیں کہ وہ ادائیگی نہ ہونے کی صورت میں فوڈ بینکوں اور کمیونٹی تنظیموں کے پاس جا کر مدد مانگنے کے لئے خود کو تیار کریں۔
احتجاج اور قانونی کارروائی
غریبوں کے لئے خوراک کے حق کے ایدووکیٹ فوڈ سٹیمپس کی بندش پر احتجاج کر رہے ہین اور غالبا` 21 ریاستوں سے ٹرمپ انتظامیہ کو اس پروگرام کی بندش پر عدالت میں مقدمہ کا سامنا ہے۔