(حاشر وڑائچ) ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کیخلاف متنازعہ ٹویٹ کیس میں فرد جرم عائد ہوگئی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کیخلاف متنازعہ ٹویٹ کیس کی سماعت ہوئی،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے کیس پر سماعت کی،عدالت نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کیخلاف فرد جرم عائد کردی،تاہم ایمان مزاری اور ہادی علی کی جانب سے صحت جرم سے انکارکیاگیاہے۔
عدالت نے اگلی سماعت پر استغاثہ کے تمام گواہان کو طلب کر تے ہوئے ہادی علی چٹھہ کو دوبارہ ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیدیا۔
سماعت کے دوران جج اور ہادی علی چٹھہ کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی،ہادی علی چٹھہ نے کہاکہ میں مچلکے نہیں بھروں گا آپ نے سال جیل میں رکھنا رکھیں،آپ نے کل غیر قانونی کام کیا ہے آپ جج بننے کے اہل نہیں ہیں۔
ایمان مزاری نے کہاکہ آپ ہمیں گرفتار کروانا چاہتے ہیں میری بھی ضمانت کینسل کروا دیں۔
یہ بھی پڑھیں:بانی پی ٹی آئی سے آج کون کون ملے گا؟ناموں کی الگ الگ فہرستیں جاری
جج افضل مجوکہ نے کہاکہ میرا اصول ہے کہ میں آپکو عزت دوں گا تو مجھے عزت ملے گی،وکیل صفائی قیصر امام نے کہاکہ انہوں نے دیگر کیسز میں بھی پیش ہونا ہوتا ہے، کبھی ہائیکورٹ کبھی راولپنڈی،اس پرجج افضل مجوکہ نے کہاکہ میں نے اس وجہ سے انکے کہنے پر تین دفعہ سماعت ملتوی کی۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 5 نومبر تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کیخلاف این سی سی آئی اے نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔