سٹی42 محکمہ خوراک پنجاب نے گنے کی کم از کم قیمت مقرر کر دی۔ گنے کے فی من قیمت 225 روپے مقرر کی گئی ہے۔
سیکرٹری خوراک علی سرفراز حسین کا کہنا ہے کہ شوگر ملز 225 روپے من سے کم قیمت پر کسانوں سے گنا نہیں خرید سکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک گنے کی نئی قیمت کا آج نوٹیفکیشن جاری کردے گا۔ سیکرٹری خوراک علی سرفراز حسین کے مطابق نئی قیمت کے تعین کا مقصد کسانوں کو ان کی محنت کا صلہ دلوانا ہے۔
سیکرٹری خوراک علی سرفراز حسین ک کا کہنا تھاکہ پہلے کسانوں کی بجائے شوگر ملز مالکان کو فائدہ پہنچایا جاتا تھا، جس سے کسان معاشی طور پر کمزور ہو رہا تھا۔ اب کسان کی مالی حالت بہتر بنائی جا رہی ہے تاکہ وہ بہتر انداز میں پیداوار اُگا سکے۔
دوسری جانب ادارہ شماریات نے مختلف شہروں میں چینی کی قیمتِ فروخت کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ پاکستان کے مختلف شہروں میں چینی 120 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے، شہری سرکاری ریٹیل قیمت سے 25 سے 30 روپے فی کلو تک مہنگی چینی خریدنے پر مجبور ہیں،حکومت کی جانب سے مقرر کردہ چینی کی ریٹیل قیمت 89 روپے 75 پیسے ہے لیکن اوپن مارکیٹ میں چینی 120 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔ ادارہ شماریات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں چینی 90 سے 120 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔
لاہور، سیالکوٹ اور راولپنڈی میں چینی 90 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے جبکہ ملتان، بہاولپور اور سرگودھا میں چینی کا ریٹ 90 روپے فی کلو تک ہے۔کراچی، کوئٹہ، خضدار، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ اور گوجرانولا میں چینی کی قیمت 120 روپے فی کلو تک ہے جبکہ پشاور اور بنوں میں چینی کی قیمت 118 روپے فی کلو تک، فیصل آباد میں 115 روپے فی کلو اور اسلام آباد میں چینی 110 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔