سٹی 42: ایشین ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام انڈر 18 ایشیا کپ 2026 میں پاکستان نے اپنے افتتاحی میچ میں چین کو صفر کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دے دی۔
جاپان کے شہر کاکامیگاہارا میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے آغاز سے ہی حریف ٹیم پر دباؤ برقرار رکھا۔ پاکستان کی جانب سے پہلا گول چھٹے منٹ میں عثمان نے کیا جبکہ دوسرا گول 11ویں منٹ میں عدیل نے اسکور کیا۔
میچ کا تیسرا اور آخری گول 56ویں منٹ میں یاسین نے کر کے پاکستان کی فتح یقینی بنا دی۔ شاندار کارکردگی پر اسنان کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
پاکستان اپنا دوسرا میچ 31 مئی کو ملائیشیا کے خلاف جبکہ تیسرا میچ 3 جون کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گا۔
ٹورنامنٹ کے گروپ مرحلے کے میچز یکم جون تک جاری رہیں گے، جبکہ سیمی فائنلز اور پوزیشن میچز 5 جون کو کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ کا فائنل اور تیسری پوزیشن کا میچ 6 جون کو منعقد ہوگا۔