سٹی 42: امریکی قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرز نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور تعمیری تعاون پر مبنی تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔
انہوں نے تجارت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی، معدنیات، زراعت، تعلیم اور صحت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان امریکی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتا ہے اور ملک میں کام کرنے والی امریکی کمپنیوں کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ امریکہ پاکستان کا ایک اہم اقتصادی شراکت دار ہے اور پاکستانی برآمدات کے لیے سب سے بڑی منڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی روابط کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی نے خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے سفارت کاری اور مذاکرات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے کے تمام ممالک کے ساتھ مثبت، تعمیری اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات کا خواہاں ہے۔
ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ نے سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بھارتی اقدامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پانی کو سیاسی دباؤ اور جبر کے آلے کے طور پر استعمال کرنا علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کے احترام کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان پارلیمانی روابط کو مزید مستحکم بنانے اور وفود کے تبادلوں میں اضافے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان مضبوط پل کا کردار ادا کر رہی ہے جبکہ عوامی روابط پاکستان۔امریکہ تعلقات کے اہم ستون ہیں۔