وقاص احمد: شادباغ کے علاقے میں گھریلو تنازع کے دوران والدہ پر تشدد اور فائرنگ کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم ہمایوں نے جھگڑے کے دوران اپنی والدہ پر تشدد کرنے کے بعد فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 55 سالہ زاہدہ زخمی ہو گئیں۔ واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا تھا۔
بعد ازاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم ہمایوں کو مصری شاہ کے علاقے سے گرفتار کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف پہلے بھی والدہ پر تشدد کا مقدمہ درج تھا اور وہ جیل سے رہائی کے بعد دوبارہ گھر آیا، جہاں چند روز بعد اس نے یہ افسوسناک واقعہ پیش کیا۔
زخمی خاتون کو فوری طبی امداد کے لیے کوٹ خواجہ سعید ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں علاج معالجہ فراہم کیا جا رہا ہے۔
پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔