وقاص احمد:لاہور میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کیلئے ماڈل روڈز بالخصوص کینال روڈ پر لوڈر اور چنگ چی رکشوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور کے مطابق عیدالاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی آمدورفت کو مدنظر رکھتے ہوئے لوڈر رکشوں کو عارضی طور پر چلنے کی اجازت دی گئی تھی، تاہم اب یہ رعایت ختم کر دی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ آج سے ہر قسم کے لوڈر اور چنگ چی رکشوں کا ماڈل روڈز اور کینال روڈ پر داخلہ ممنوع ہوگا، جبکہ پابندی پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے اضافی نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے۔
سی ٹی او لاہور نے ہدایت کی ہے کہ سریا، ٹی آئرن اور دیگر آہنی راڈز لوڈ کرکے کینال روڈ پر آنے والے افراد کے خلاف صرف چالان نہیں بلکہ مقدمہ درج کیا جائے گا، کیونکہ یہ عمل شہریوں کی جانوں کیلئے خطرہ بن سکتا ہے۔
مزید برآں آٹو رکشوں میں ڈرائیور کے ساتھ اضافی مسافر بٹھانے والوں کے خلاف بھی خصوصی کریک ڈاؤن کا حکم دیا گیا ہے تاکہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جا سکے۔
پولیس اور ٹریفک حکام نے دھرم پورہ، مغل پورہ، ٹھوکر نیاز بیگ اور دیگر اہم مقامات پر خصوصی ٹیمیں تعینات کر دی ہیں جو پابندیوں پر عملدرآمد اور ٹریفک کی مؤثر نگرانی کریں گی۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد شہریوں کی حفاظت، حادثات کی روک تھام اور عید کی تعطیلات کے دوران ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنا ہے۔