ویب ڈیسک: پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ جیولن تھرو چیمپئن اور اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے ایک بار پھر اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 2025کے فائنل کے لئے باآسانی کوالیفائی کرلیا،ان کے ساتھ یاسر سلطان نے بھی چیمپئن شپ کےفائنل کےلئے کوالیفائی کیا۔
اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر گزشتہ روز فائنل کے لئے کوالیفائی کرنے کے مقابلے ویڈیو شیئر کی، کوالیفائنگ راؤنڈ کے گروپ اے میں پاکستانی اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے پہلی ہی باری میں 86.34 میٹر کی تھرو کرکے فائنل میں جگہ بنالی۔
دوسرے پاکستانی ایتھلیٹ یاسر سلطان نے بھی 76.07 کی تھرو کرکے فائنل میں کوالیفائی کر لیا،بھارتی کھلاڑی یشمیر سنگھ نے 76.67 میٹر کی تھروکی، فائنل اکتیس مئی کو ہو گا ۔
شیئر کی گئی ویڈیو کے کیپشن میں قومی ہیرو ارشد ندیم نے لکھا کہ ’ الحمدللہ آج صبح ایشین چیمپئن شپ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے، فائنل پاکستانی وقت کے مطابق کل دوپہر 1.10 پر ہوگا‘ ہمیشہ کی طرح مجھے آپ کے تعاون اور دعاؤں کی ضرورت ہوگی‘۔