عرفان ملک: علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام نے کارروائی کرتے ہوئے وزٹ ویزا کی آڑ میں انسانی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی اور 2 مسافروں سمیت 3 ایجنٹس کو گرفتار کر لیا۔
حکام کے مطابق مسافروں شاہزیب اور مرزا عثمان کو امیگریشن کلیئرنس کے دوران مشکوک پایا گیا، جس پر ان سے پوچھ گچھ کی گئی۔
دورانِ تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ سری لنکا اور کمبوڈیا کے راستے البانیہ جانے کا منصوبہ رکھتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ اس مقصد کے لیے انہوں نے طیب، خالد اور کاشف علی نامی ایجنٹس کو فی کس 20 لاکھ روپے ادا کیے۔
ملزمان کی نشاندہی پر امیگریشن حکام نے ایئرپورٹ پارکنگ میں کارروائی کرتے ہوئے تینوں ایجنٹس کو بھی گرفتار کر لیا۔
تمام گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے انسداد انسانی سمگلنگ سرکل کے حوالے کر دیا گیا ہے، جہاں مزید تحقیقات جاری ہیں۔