طاہر جمیل: وزیراعلیٰ کے لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت شہر میں ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے، جن کی نگرانی کے لیے ضلعی انتظامیہ متحرک ہے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز نے تحصیل رائیونڈ کا دورہ کیا اور مختلف ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر میٹروپولیٹن کارپوریشن کے چیف آفیسر، اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ڈی سی لاہور نے شامکے بھٹیاں روڈ پر جاری کاموں کا معائنہ کیا اور لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے فیز ون کی تکمیل جبکہ فیز ٹو کے جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ لی۔
کیپٹن (ر) علی اعجاز نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ وقت کے اندر مکمل کیے جائیں اور معیار و شفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے تعمیر شدہ گلیوں کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ تعمیراتی کام کے دوران حفاظتی اقدامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔