سٹی 42 : معاون برائے داخلہ حکومت بلوچستان کا کہنا ہےکہ کوئٹہ میں دہشتگردوں کی دو مقامات پر دہشتگردی کی کوشش ناکام بنادی گئی ۔
معاون برائے داخلہ حکومت بلوچستان بابر یوسفزئی کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں ایف سی اور پولیس کی جانب سے بھرپور جواب دیا گیا، سیکیورٹی فورسز کے بھرپور جواب پر فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشتگردوں نے فرار ہوتے ہوئے معصوم شہریوں پر فائرنگ کی۔انہوں نے بتایا کہ دہشتگردوں کے حملوں میں 5 شہری معمولی زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں کو سول ہسپتال کوئٹہ میں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہے۔
بابر یوسفزئی کا کہنا ہے کہ بھارت کے ٹکڑوں پر پلنے والے دہشتگرد اپنے ناپاک عزائم اور آقا کی خوشنودی کے لئیے معصوم بلوچ عوام کو نشانہ بنارہے ہیں۔ تمام سیکیورٹی فورسز الرٹ ہیں، پورے بلوچستان میں مکمل امن ہے۔ صوبائی حکومت عوام کی جان و مال کو ہر قیمت پر محفوظ بنائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں اور میڈیا کے دوستوں سے گزارش ہے کہ غیر مصدقہ خبروں سے گریز کریں۔ پولیس ، ایف سی سمیت تمام ادارے شہریوں کی خدمت میں ہمہ وقت حاضر ہیں۔