انور عباس: وزیراعظم کے مشیر و معاون خصوصی برائے سیاحت سردار یاسر الیاس نے اعلان کیا ہے کہ ایتھوپیا اور دیگر افریقی ممالک کے انفلوئنسرز کو پاکستان کے مفت سیاحتی پیکجز فراہم کیے جائیں گے، جن کے تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی، جبکہ پاکستانی کانٹینٹ کریئیٹرز بھی جلد ایتھوپیا کا دورہ کریں گے۔
اسلام آباد میں ایتھوپیا کے سفارت خانے کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر و معاون خصوصی برائے سیاحت سردار یاسر الیاس نے کہا کہ حکومت دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، جبکہ پنجاب حکومت بھی سیاحت کے فروغ کے لیے اہم منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ ماہ بین المذاہب ہم آہنگی کے موضوع پر ایک بڑی تقریب کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایتھوپین ایئرلائنز نے پاکستان اور افریقہ کے درمیان فضائی رابطوں کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، جبکہ سیاحت کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور عوامی روابط کو بھی فروغ دیا جا سکتا ہے۔
اس موقع پر پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر عمر حسین اوبا نے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان تاریخی تعلقات موجود ہیں۔ ان کے مطابق ایتھوپیا افریقہ میں تیزی سے ابھرتا ہوا سیاحتی ملک ہے، جبکہ اس کا دارالحکومت ادیس ابابا افریقہ کا تیسرا بڑا سفارتی مرکز ہے۔
تقریب سے وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری افریقہ حامد اصغر خان نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایتھوپین ایئرلائنز پورے افریقہ میں واحد فضائی کمپنی ہے جو پاکستان کے لیے براہ راست پروازیں چلاتی ہے، جبکہ ایتھوپیا تاریخی، مذہبی اور ثقافتی سیاحت کے حوالے سے بھی منفرد اہمیت کا حامل ملک ہے۔