ملک اشرف:لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی نظام میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے 20 ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو ترقی دے کر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج (گریڈ 21) کے عہدے پر تعینات کر دیا ہے۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی منظوری سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ترقی پانے والے ججز اپنی چارج سنبھالنے کی تاریخ سے نئے عہدوں پر فرائض انجام دیں گے۔
ترقی پانے والے ججز مختلف اضلاع بشمول لاہور، بہاولپور، فیصل آباد، ساہیوال، وہاڑی اور اوکاڑہ میں تعینات تھے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ترقی پانے والوں میں ذوالفقار احمد نعیم، افتخار النبی، اجمل خان راجہ بھوانہ سمیت متعدد افسران شامل ہیں۔ اسی طرح عرفان احمد شیخ، انجم ممتاز ملک، گل عباس، غلام مجتبیٰ، محمد عمر اور شہباز حسین سوہاوہ کو بھی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے۔
مزید برآں خلیل احمد خان، محمد آصف، غلام شبیر حسین جتوئی اور امبرین قریشی بھی ترقی پانے والوں میں شامل ہیں۔ فہرست میں تجمل حسین، نوید اختر، مسرور انور خان، شوکت جاوید اور محمد محسن کے نام بھی شامل ہیں جنہیں گریڈ 21 میں ترقی دی گئی ہے۔
عدالتی حکام کے مطابق یہ اقدامات انتظامی کارکردگی کو بہتر بنانے اور عدالتی نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔