عابد چودھری:ہربنس پورہ کے علاقے عامر ٹاؤن میں رات 8 بجے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے، جس کے باعث شدید گرمی میں علاقہ مکینوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
رہائشیوں کا کہنا ہے کہ طویل لوڈشیڈنگ کے باعث گھروں میں گرمی اور حبس کی شدت بڑھ گئی ہے، جبکہ معمولاتِ زندگی بھی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔
علاقہ مکینوں کے مطابق متعدد شکایات کے باوجود لیسکو سب ڈویژن عامر ٹاؤن تاحال بجلی بحال کرنے میں ناکام ہے، جس پر شہریوں میں تشویش اور غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔
رہائشیوں نے لیسکو کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی خرابی کو فوری طور پر دور کرتے ہوئے عامر ٹاؤن میں بجلی کی فراہمی بحال کی جائے تاکہ شہریوں کو شدید گرمی میں مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔