ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمارا ملک دنیا میں کسی بھی ملک سے سیاحت کے ضمن میں کم نہیں، پاکستان کودنیا کے اولین سیاحتی مراکز کی فہرست میں شامل کریں گے۔
پاکستان میں سیاحت سے متعلق اجلاس میں گفتگوکرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ پاکستان کے شعبہ سیاحت میں زر مبادلہ کمانے کی لا محدود استعداد موجود ہے، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو قدرتی وسائل اور لازوال خوبصورتی سے نوازا ہے، پاکستان کو ایک ٹورازم برینڈ کے طور پر بیرون ملک متعارف کروایا جائے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان ٹوراِزم ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کوسیاحت کے فروغ کیلئےعملی اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ صوبوں کے تعاون سے پورے ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے اقدامات لیے جائیں،سیاحت کے فروغ کے لئے خصوصی ٹوراِزم زون بنائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سیاحوں کی آمدورفت کو سہل بنانے کے لئے پبلک اور پرائیوٹ سیکٹر مل کر کام کریں، اندرون ملک سیاحت اور ملکی سیاحوں کی تفریحی مقامات پر آمد کے لیئے خصوصی اقدامات کئے جائیں، ٹوراِزم سیکٹر میں مستقل سرمایہ کاری کے حوالے سے منصوبہ بندی کی جائے۔