( سعید احمد سعید ) حکومتی وزیر کی جانب سے قومی ائیرلائن کے متعدد پائلٹوں کے لائسنس جعلی ہونے کا بیان، قومی ائیر لائن کے لیے مشکلات بڑھنے لگیں، یورپین یونین ائیر سیفٹی ایجنسی نے پی آئی اے کا فضائی آپریشن کے اجازت نامے کو 6 ماہ کیلئے معطل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق یورپین یونین ائیر سیفٹی ایجنسی نے پی آئی اے کی یورپین ممالک کیلئے فضائی آپریشن کے اجازت نامے کو 6 ماہ کیلئے معطل کردیا گیا، معطلی کا اطلاق یکم جولائی 2020 رات 12 بجے یو ٹی سی ٹائم کے مطابق ہوگا، جس کے باعث پی آئی اے کی یورپ کی تمام پروازیں عارضی طور پر منسوخ ہو گئیں۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے یورپین فضائی سیفٹی کے ادارے کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ان کے خدشات کو دور کرنے کیلئے اقدامات اٹھا رہا ہے۔ امید کرتے ہیں کہ حکومتی اور انتظامیہ کی جانب سے لئے گئے اقدامات کے باعث معطلی جلد ختم ہوگی۔
پی آئی اے انتظامیہ کا مزید کہنا ہے کہ جن مسافروں کے پاس پی آئی اے کے بکنگ ہے ان کے پاس اختیار ہوگا کہ وہ چاہیں تو بکنگ آگے کروالیں یا ریفنڈ حاصل کریں۔
یاد رہے کپتانوں کے جعلی لائسنس کے معاملے پر پی آئی اے طیارہ حادثے کی عبوری رپورٹ سامنے آنے کے بعد پی آئی اے نے مبینہ جعلی لائسنس کے حامل پائلٹس کے خلاف تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کردیا گیا تھا، پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک نےڈی جی سی اے اے کو خط لکھ دیا۔
ایئر مارشل ارشد ملک کا کہناتھا کہ جعلی لائسنس کے حامل تمام پائلٹس کو جہاز بھی اڑانے نہیں دیں گے، جعلی لائسنس والے پائلٹس فلائٹ سیفٹی کیلئے شدید خطرہ ہے، فہرست جلد بھیجنے کا سی ای او کا ڈی جی سی اے اے سے مطالبہ کر دیا گیا۔ سی اے اے کی جانب سے پی آئی اے کے 150 پائلٹس کی لسٹ فراہم کی جائے۔
پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے اعلان کیا تھا کہ جعلی لائسنس کے حامل پی آئی اے تمام ایسے پائلٹس کو گراؤنڈ کر رہی ہے تاہم گراؤنڈ کرنے کیلئے سی اے اے کی جانب سے سرکاری طور پر فہرست مطلوب ہے۔