( رضوان نقوی ) ایف بی آر نے اعزازیے اور ریوارڈ کی رقم واپس لینے کے احکامات جاری کردیئے، لاہور سمیت ملک بھر کے چیف کمشنرز اور چیف کلکٹرز کو رقم واپس لے کر فنڈز فورا سرینڈر کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے کسٹمز اور ان لینڈ ریونیو سروس کے افسروں کودیئے گئے اعزازیے اور ریوارڈ کی رقم واپس لینے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ ایف بی آر نے چیف کلکٹرز اور چیف کمشنرز سے رقم واپس کرنے کی ہدایات پر عملدرآمد کی رپورٹ بھی فی الفور طلب کرلی ہے۔ سیکنڈ سیکرٹری راغب حسین زیدی نے فنڈز فی الفور سرینڈر کرنے کیلئے سرکلر جاری کیا ہے۔
دوسری جانب فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے تمام چیف کلکٹرز اور چیف کمشنرز کو مالی سال کے آخری دن دفاتر رات بارہ بجے تک کھلے رکھنے کی ہدایات جاری کررکھی ہیں۔ ایف بی آر نے چیف کمشنرز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان اور نیشنل بینک آف پاکستان کی نامزد برانچز کے ساتھ ملکر یقینی بنائیں کہ اسی دن ٹیکسز و ڈیوٹیز کی ادائیگی ہو جائے۔ اس کا مقصد ان ٹیکسز اور ڈیوٹیز کا جون کےحاصل کردہ محاصل میں شمار ممکن بنانا ہے۔