ویب ڈیسک: مصنوعی ذہانت کے شعبے کی تیزی سے ابھرتی ہوئی کمپنی اسکیل اے آئی نے گوگل کلاؤڈ کے سابق سینئر ایگزیکٹو فرانسس ڈی سوزا کو اپنا نیا چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
کمپنی کے مطابق وہ 10 اگست سے ذمہ داریاں سنبھالیں گے، جبکہ یہ تقرری ایسے وقت میں کی گئی ہے جب اسکیل اے آئی اپنے ڈیٹا اور اے آئی ایپلی کیشنز کے کاروبار کو مزید وسعت دینے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔
فرانسس ڈی سوزا عبوری سی ای او جیسن ڈروج کی جگہ لیں گے، جو گزشتہ سال جون سے یہ ذمہ داری نبھا رہے تھے۔ کمپنی کے مطابق انتقالِ اختیارات کا عمل آئندہ چند ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔
اسکیل اے آئی جدید مصنوعی ذہانت کے ماڈلز کے لیے ڈیٹا فراہم کرنے اور کاروباری اداروں و حکومتوں کے لیے اے آئی سلوشنز تیار کرنے والی نمایاں کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے۔ کمپنی کے بانی الیگزینڈر وانگ گزشتہ سال میٹا میں چیف اے آئی آفیسر کی حیثیت سے شامل ہوئے تھے۔
فرانسس ڈی سوزا اس سے قبل گوگل کلاؤڈ میں چیف آپریٹنگ آفیسر اور سیکیورٹی پراڈکٹس کے صدر رہ چکے ہیں۔ انہیں انٹرپرائز ٹیکنالوجی کے شعبے میں 30 سال سے زائد کا تجربہ حاصل ہے، جبکہ انہوں نے الیومینا کی قیادت کرتے ہوئے کمپنی کی آمدن کو 4.5 ارب ڈالر سے زیادہ تک پہنچایا اور اس کا کاروبار 150 سے زائد ممالک تک وسعت دی۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ حالیہ عرصے میں بی پی اور میو کلینک جیسے بڑے ادارے اس کے صارفین میں شامل ہوئے ہیں، جبکہ امریکا اور دیگر ممالک کی حکومتوں کے ساتھ بھی تعاون میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔