ویب ڈیسک: میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ پانچ برسوں میں دنیا بھر کے اربوں افراد اپنے ذاتی مصنوعی ذہانت ( اے آئی) ایجنٹس استعمال کر رہے ہوں گے، جو صارفین کی ضروریات کو سمجھتے ہوئے ان کی جانب سے مختلف کام انجام دیں گے۔
میٹا کی سہ ماہی آمدنی رپورٹ کے اجرا کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مارک زکربرگ نے کہا کہ آنے والے برسوں میں ذاتی اے آئی ایجنٹس روزمرہ زندگی کا اہم حصہ بن جائیں گے۔ ان کے مطابق یہ ایجنٹس صارفین کے مقاصد کو سمجھ سکیں گے اور چوبیس گھنٹے ان کی جانب سے مختلف امور سرانجام دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل میں لوگ اپنے اے آئی ایجنٹس کو مالی معاملات، صحت، ذاتی تعلقات اور گھریلو انتظام جیسے شعبوں میں استعمال کریں گے، جبکہ واٹس ایپ اور دیگر میسجنگ پلیٹ فارمز اس ٹیکنالوجی کے استعمال میں مرکزی کردار ادا کریں گے۔
مارک زکربرگ کے مطابق واٹس ایپ اس وقت بھی میٹا اے آئی تک رسائی کا سب سے بڑا پلیٹ فارم بن چکا ہے، جبکہ کمپنی ایسے جدید اے آئی ایجنٹس تیار کر رہی ہے جو مستقبل کی نئی مصنوعات کی بنیاد بنیں گے اور آئندہ برسوں میں کمپنی کی آمدنی بڑھانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے اس تاثر کو بھی مسترد کیا کہ اے آئی ٹیکنالوجی بڑے پیمانے پر ملازمتوں کا خاتمہ کر دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت انسانوں کی مدد اور ان کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کے لیے استعمال ہوگی۔
واضح رہے کہ میٹا کے علاوہ گوگل سمیت متعدد عالمی ٹیکنالوجی کمپنیاں بھی ایسے جدید اے آئی ایجنٹس کی تیاری پر کام کر رہی ہیں، جو صارفین کی جانب سے خودمختار انداز میں مختلف کام انجام دینے کی صلاحیت رکھتے ہوں گے۔