جنید ریاض:موسم گرما کی تعطیلات کے دوران محکمہ تعلیم نے ہائی سکولوں کے سربراہان کو 6 روز میں 37 ہزار نئے طلبہ داخل کرنے کا ہدف دے دیا ہے۔
ڈی ای او سیکنڈری کی جانب سے سکول سربراہان کو روزانہ 5 طلبہ گھر گھر جا کر سکول لانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ داخلہ مہم پر مجبور کرنے پر سکولوں میں بوگس انرولمنٹ کا خدشہ پیدا ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق ہائی سکولوں میں موجودہ انرولمنٹ 3 لاکھ 93 ہزار ہے، جبکہ اسے بڑھا کر 4 لاکھ 30 ہزار کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جسے 4 اگست تک مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ ہدف پورا نہ کرنے والے سکول سربراہان کے خلاف کارروائی کی جائے گی، جبکہ نئے داخل ہونے والے طلبہ کے ب فارم کی نادرا سے تصدیق بھی لازمی ہوگی۔
دوسری جانب پنجاب ٹیچرز یونین نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار اگست میں داخلہ مہم کا کوئی جواز نہیں ہے ،سخت اہداف کے باعث دباؤ میں سکول ہیڈ ٹیچرز بوگس داخلے کرنے پر مجبور ہیں