ویب ڈیسک:روس کے مشرقی ساحل کے قریب شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔
زلزلے کی شدت 8.8 ریکارڈ کی گئی جبکہ سونامی کی وارننگ جاری کردی گئی، کامچٹکا میں 3 سے 4 میٹر اونچی سونامی لہریں ریکارڈ کی گئیں، بحرالکاہل میں سونامی کی ایڈوائزری جاری کی گئی، جاپان اور فلپائن میں بھی ایمرجنسی وارننگ جاری کردی گئی۔
زلزلے کے باعث کیلی فورنیا، واشنگٹن، اوریگن کیلئے بھی سونامی وارننگ جاری کی گئی، سونامی کی لہریں روسی ساحل سے ٹکرا گئیں، مشرقی جاپان میں ریلوے سروس معطل کر دی گئی، جاپان کے شہر ہوکیڈو میں بھی سونامی کی لہریں آئیں۔
واضح رہے کہ 20 جولائی کو بھی روس میں 5.0 اور 6.7 شدت کے زلزلے آئے تھے جن پر سونامی کا الرٹ جاری نہیں کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں 7.4 شدت کا زلزلہ 08:49 جی ایم ٹی پر ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد USGS نے خبردار کیا کہ ’کچھ ساحلی علاقوں کے لئے خطرناک سونامی لہروں کی پیش گوئی کی گئی ہے‘۔
ادارے نے بتایا تھا کہ روسی ساحلوں پر 30 سینٹی میٹر سے ایک میٹر (تقریباً 3.3 فٹ) تک بلند لہریں پہنچنے کا خدشہ ہے، جبکہ جاپان اور امریکی ریاست ہوائی میں 30 سینٹی میٹر (ایک فٹ) سے کم اونچی لہروں کی توقع ہے۔
USGS نے بتایا تھا کہ زلزلے کا مرکز بحرالکاہل میں پیٹروپاولووسک کامچاتسکی شہر سے تقریباً 150 کلومیٹر (93 میل) مشرق میں واقع تھا۔