(اکمل سومرو)پنجاب میں یونیورسٹیوں اور کالجوں کو دو اگست سے کھولنے کا نوٹیفیکیشن جاری، دو اگست سے ایچ ای سی کی کورونا پالیسی کے تحت یونیورسٹیوں کو کھولا جائے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر میں یونیورسٹیوں اور کالجوں کو دو اگست سے کھولنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیاگیا،دو اگست سے ایچ ای سی کی کورونا پالیسی کے تحت یونیورسٹیوں کو کھولا جائےگا،یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز ایس او پیز پر عمل درآمد کرانے کے پاپند ہوں گے،یونیورسٹیوں کی انتظامیہ 100 فیصد کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کو یقینی بنانے کے پاپند ہوں گے،اساتذہ و ملازمین کو کورونا ویکسی نیشن نہ ہونے کی صورت میں انتظامیہ کے خلاف کارروائی ہوگی۔
واضح رہے کہ لاہورسمیت صوبہ بھر کے تمام سرکاری و نجی سکولز 2 اگست سے کھولنے کا حتمی اعلان گزشتہ روز کردیا گیا ہے،این سی او سی کا اجلاس نتیجہ خیز نہ نکلنے پر سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے پنجاب بھر کے سکولز پیر سے کھولنے کے باقاعدہ احکامات جاری کردیئے ہیں۔
کورونا کی چوتھی لہر کے پیش نظر طلباء کو اس بار بھی پچاس فیصد حاضری کے تحت سکول بلوانے کی اجازت ہوگی،طلبا سخت گرمی کے باوجود ماسک گھر سے پہن کرآئیں گے، طلباء کا کہنا ہے کہ سخت گرمی اور حبس کے موسم میں سکول کھولنے کا فیصلہ درست نہیں ،حکومت فیصلہ پر نظرثانی کرے۔
این سی او سی کے اجلاس میں سکولوں کو کھولنے یا بند رکھنے کا فیصلہ صوبوں پر چھوڑ دیا گیا تھا، صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے لاہورسمیت صوبہ بھر کے تمام سرکاری و نجی سکول 2 اگست سے کھولنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں،طلباء کو پچاس فیصد حاضری کے تحت سکول آنے کی اجازت ہوگی۔
لڑکوں کے سکول کے اوقات کار صبح ساڑھے سات بجے سے دوپہر ساڑھے 12 بجے تک ہوں گے، لڑکیوں کے سکولوں کی ٹائمنگ صبح پونے 8 بجے سے دوپہر پونے ایک بجے تک رکھی گئی ہے، اس اوقات کار کا اطلاق 15 اکتوبر تک رہے گا، سکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیلئے نوٹی فیکیشن بھی جاری کردیا ہے۔