ویب ڈیسک: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ملک میں فائیو جی سروسز کے آغاز کی جانب اہم پیش رفت کرتے ہوئے 5جی اسپیکٹرم نیلامی کی نئی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے، جس کا مقصد شفاف، جامع اور بھرپور شرکت پر مبنی نیلامی کا انعقاد یقینی بنانا ہے۔
ترجمان پی ٹی اے کے مطابق فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی 10 مارچ کو منعقد کی جائے گی۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نیلامی کا حتمی شیڈول تمام متعلقہ فریقین سے وسیع مشاورت کے بعد طے کیا گیا ہے تاکہ ٹیلی کام آپریٹرز اور ممکنہ بولی دہندگان کو مناسب تیاری کا وقت فراہم کیا جا سکے۔ پی ٹی اے نے واضح کیا ہے کہ وہ نیلامی کے عمل میں زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
یہ فیصلہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت کا جائزہ لینے کے لیے بلائے گئے کمیٹی اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کی، جبکہ وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ سمیت متعلقہ وزارتوں اور ریگولیٹری اداروں کے سینئر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں اسپیکٹرم کی دستیابی، نیلامی کے ڈیزائن اور طریقہ کار سمیت تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور نظرثانی شدہ شیڈول کے مطابق عمل مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
نظرثانی شدہ روڈ میپ کے تحت انفارمیشن میمورنڈم 9 جنوری 2026 کو جاری کیا گیا جس کے بعد مشاورتی عمل شروع ہوا، اس مشاورتی مدت کو اب 6 فروری 2026 تک بڑھا دیا گیا ہے۔ حتمی انفارمیشن میمورنڈم 13 فروری 2026 کو شائع کیا جائے گا جبکہ ممکنہ درخواست گزاروں کے لیے معلوماتی سیشن 16 فروری کو منعقد ہوگا۔ درخواستیں جمع کرانے اور پری بڈ ڈپازٹ کی آخری تاریخ 27 فروری شام 4 بجے مقرر کی گئی ہے۔ پی ٹی اے اسی روز درخواست گزاروں کی فہرست جاری کرے گی جبکہ اہل بولی دہندگان کی فہرست 3 مارچ کو شائع کی جائے گی۔
حکام کے مطابق نیلامی میں کم، درمیانی اور زیادہ فریکوئنسی پر مشتمل متعدد اسپیکٹرم بینڈز شامل ہوں گے تاکہ ملک بھر میں 5جی نیٹ ورک کی مؤثر تعیناتی ممکن بنائی جا سکے۔ دستیاب اسپیکٹرم میں 700، 1800 اور 2100 میگا ہرٹز کے پیئرڈ بینڈز کے ساتھ ساتھ 2300، 2600 اور عالمی سطح پر ترجیحی 3500 میگا ہرٹز بینڈ شامل ہوں گے جو تیز رفتار اور کم تاخیر والی فائیو جی سروسز کے لیے نہایت اہم تصور کیے جاتے ہیں۔ مجموعی طور پر تقریباً 597.2 میگا ہرٹز اسپیکٹرم نیلامی کے لیے پیش کیے جانے کا منصوبہ ہے۔