فہد بھٹی: خاتون ٹیچر نے قوانین پامال کرتے ہوئے طالبہ کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، سیالکوٹ کے علاقہ، گورنمنٹ سکول میں چھڑی آنکھ میں لگنے سے سات سالہ طیبہ عمر بھر کے لیے ایک آنکھ کی بینائی سے محروم ہو گئی، میو ہسپتال میں زیر علاج متاثرہ بچی کے ورثا کہتے ہیں سکول ہیڈ ماسٹر اور ٹیچر کو گرفتار کیا جائے۔
نہ زمین پھٹی نہ آسماں گرا، ظالم ٹیچر نے طالبہ کی بینائی ہی چھین لی۔ میو ہسپتال میں زیر علاج سیالکوٹ کی رہائشی سات سالہ طیبہ کے ورثا کہتے ہیں کہ سانیا نامی ٹیچر نے انکی بیٹی کو چھڑی ماری جو اسکی آنکھ میں لگی، آپریشن کے بعد ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ طیبہ عمر بھر کے لیے ایک آنکھ کی بینائی سے محروم ہو گئی ہے۔
طیبہ کے والد کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ ٹھیکریال گاؤں میں قائم گورنمنٹ پرائمری سکول کا ہیڈ ماسٹر الیاس اکثر اوقات معصوم بچیوں پر تشدد کرتا ہے، کبھی کسی کے بال کاٹ دیتا تو کبھی کسی کا سر پھاڑ دیتا ہے۔ متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ بچی کی بینائی تو چلی گئی ہے، مگر پولیس مقدمہ درج کرنے کے باوجود ابھی تک کسی ملزم کو گرفتار نہیں کرسکی۔ مطالبہ ہے کہ خاتون ٹیچر سمیت ہیڈ ماسٹر کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے تاکہ آئندہ کوئی طیبہ بینائی سے محروم نہ ہو۔