(ویب ڈیسک) اسلامی جمہوریہ ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دوبارہ حملے کی دھمکی کے بعد کسی بھی ممکنہ حملے پر سخت ردعمل کا اعلان کر دیا ہے۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ کسی بھی جارحیت کے خلاف ایران کا ردعمل بہت سخت ہوگا۔
ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئےایرانی صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ ’’ ایران کا کسی بھی ناجائز جارحیت کے جواب میں ردعمل شدید ہوگا‘‘۔
ایرانی پارلیمنٹ نے بھی حق دفاع کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ اسپیکر پارلیمنٹ محمد باقر نے کہا کہ ایران اپنے دفاع کیلئے کسی سے اجازت لینے کا محتاج نہیں، کسی بھی مہم جوئی کے خلاف ایرانی عوام کا ردعمل غیرمتوقع ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات امریکی صدر ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات کے موقع پر ایران کی جانب سے جوہری پروگرام دوبارہ شروع کرنے کی صورت میں ایران پر دوبارہ حملے کی حمایت کی تھی، امریکی صدر نے فلوریڈا میں نیتن یاہو سے ملاقات سے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران پھر جوہری تنصیبات تعمیر کرنے کی کوشش کر رہا ہے، ایران نے جوہری تعمیرات جاری رکھیں تو ان پر فوری حملوں کی حمایت کریں گے۔صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ اگر ایران جوہری پروگرام دوبارہ تعمیر کرے تو ہمیں انہیں گرانا ہوگا۔